جعفر ایکسپریس پر حملہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ریاست پر حملہ ہے،پاکستان عوامی تحریک

معصوم شہریوں کو یرغمال بنانے ،انہیں شہید کرنے والے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنایا جائے،الیاس مغل

اتوار 16 مارچ 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)پاکستان عوامی تحریک کے رہنمائوں سید ظفر اقبال شاہ،رائو کامران محمود ،الیاس مغل،عدنان رئوف انقلابی،مطیع الرحمن آسی، نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردی کے حملہ اور معصوم مسافروں کو یرغمال بنانے اور انہیں شہید کرنے کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں کا ریاست پر یہ حملہ سنگین غداری اور بغاوت ہے ، اسے کچلنے کے لیے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائے جائیں اور دہشتگردی کے اس سانحہ میں ملوث تمام کرداروں اور سہولت کاروں کو کٹہرے میں لا کر عبرتناک سزا دی جائے انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ معصوم شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے والے دہشتگرد عناصر کے ناپاک وجود سے اس دھرتی کو پاک کیا جائے اور قومی اتحاد اور قومی اتفاق رائے کی قوت سے دہشتگردوں کو شکست فاش دی جائے ۔

(جاری ہے)

ان قائدین نے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ شہدا کی فیملی کے ساتھ اظہار ہمدردی اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شریک افسران اور جوانوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور انکی حفاظت اور آپریشن کے لیے دعا گو ہیں ۔ان قائدین نے کہا کہ پاکستان کی عوام نے اس سے پہلے بھی دہشتگردی کے زخم سہے ہیں لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری ، اب بھی قوم ڈٹ کر مقا بلہ کرے گی اور دہشتگردوں کو انکے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

اس وقت قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کراچی ایگزیکٹوکونسل کے اجلاس کے دوران کیا۔