میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 90 فیصد حاضری لازمی قرار

پیر 17 مارچ 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کی سنڈیکیٹ کا 85واں اجلاس پیر کے روز کو منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور نے کی۔ اجلاس میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے طلبہ کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی ہدایت کے مطابق کم از کم 90 فیصد حاضری اور 70 فیصد پاس مارکس کی شرائط لاگو کرنے کی منظوری دی گئی۔

بالفاظ دیگر 90 فیصد سے کم حاضری پر امیدوار کو سالانہ امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہ ہوگی۔ مزید برآں پروفیشنل امتحان پاس کرنے کیلئے امیدوار کو کم ازکم 70 فیصد نمبر حاصل کرنے ہوں گے۔ یہ شرائط سیشن 25 -2024ء میں داخل ہونے والی ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس فرسٹ ایئر کی نئی کلاس پر لاگو ہوں گی۔

(جاری ہے)

پہلے سے پڑھنے والے طلبہ پر ان کا اطلاق نہیں ہوگا۔

فی الوقت میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں کم از کم لازمی حاضری 85 فیصد جبکہ پاسنگ مارکس 50 فیصد ہیں۔ اجلاس میں یو ایچ ایس فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے لیے سنڈیکیٹ کے رکن کے طور پر ڈاکٹر زاہد پرویز کو نامزد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں، پی ایم ڈی سی کے حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق دو پرائیویٹ میڈیکل کالجز، سہارا میڈیکل کالج نارووال اور شریف میڈیکل کالج لاہور کی ایم بی بی ایس نشستوں میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں 100 سے بڑھا کر 150 کر دیا گیا۔

سنڈیکیٹ اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، ڈاکٹر زاہد پرویز، رجسٹرار کرن فاطمہ نے شرکت کی جبکہ پروفیسر ارشد چیمہ اور پروفیسر مریم ملک، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور محکمہ فنانس پنجاب کے نمائندے آن لائن شریک ہوئے۔