ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے بی ڈبلیو ایم سی بہاول پور خرید کیے گئے نئے لوڈر رکشوں،کنٹینرز اور ہینڈ کارٹس کا افتتاح کیا

پیر 17 مارچ 2025 19:40

بہاول پور17 مارچ (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس سے دیہی علاقہ جات میں بھی شہریوں کے معیار کی صفائی کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہمیشہ عوامی فلاحی اقدامات کو مقدم رکھا ہے اوروزیر اعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب پروگرام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے یہ بات بی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلے میں نئے لوڈر رکشوں،کنٹینرز اور ہینڈ کارٹس کے افتتاح کے لیے کرافٹ بازار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر سی ای او کمپنی محمد نعیم اختر سمیت سول سوسائٹی کے نمائندگان، اہل علاقہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ شہریوں کی زندگیوں میں آسودگی وزیر اعلی ٰپنجاب کی اولین ترجیحات کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں نئی مشینری کے اضافے سے شہریوں کو صفائی کی معیاری سہولیات میں مزید بہتری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بی ڈبلیو ایم سی نئی مشینری کے استعمال سے شہر کو صوبے کا صاف ستھرا شہر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔اس موقع پرسی ای او نعیم اختر نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ کو بریفنگ میں بتایا کہ کمپنی نے ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلے میں بہاول پور کے لیے 34 نئے لوڈر رکشے،700 چھوٹے کنٹینرز،25 بڑے کنٹینرز اور 200 نئے ہینڈ کارٹس خرید کیے گئے ہیں۔

جن کی مدد سے شہر کی 21 یونین کونسلزسے ویسٹ کولیکشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ نئے کنٹینرز شہر میں رکھنے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے سی ای او نعیم اختر و دیگر شرکاء کے ساتھ نئے لوڈر رکشوں اور کنٹینرز کا بھی معائنہ کیا۔