پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق میںپہلے روڈ سیفٹی تھیم پارک کاافتتاح

منگل 18 مارچ 2025 17:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء)ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس سید فرید علی نے پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق میں پہلے روڈ سیفٹی تھیم پارک کا افتتاح کردیا ۔ اس سلسلے میں منعقدہ افتتاحی تقریب میںپنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری، ایس پی عاطف شہزاد، فیکلٹی ممبران، افسران اور طلبائوطالبات نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں سید فرید علی نے موٹر سائیکل ،موٹر کاروں اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے ڈرائیوروں کے لیے ضروری حفاظتی اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک چالان اور حادثات سے بچنے کے لیے تمام ڈرائیورز سیٹ بیلٹ، ہیلمٹ پہنیں اور ٹریفک سگنلز کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات پر قابو پانے کے لیے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم طلباء میں ٹریفک قوانین بارے شعور اجاگر کرنے کے لیے اکیڈیمیا کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر عبدالقیوم چوہدری نے کہا کہ ہم طلباء اور عام لوگوں میں روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی کو فروغ دینے کے لیے موٹرویز پولیس کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ویژن ہے کہ ایک انٹرایکٹو تھیم پارک بنایا جائے جس میں نقلی سڑکیں، ٹریفک سگنلز اور پیدل چلنے والے کراسنگ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری اور مربوط کوششوں کے بغیر جانوں کے ضیاع کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا جس سے خاندانوں اور برادریوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔تقریب میں طلباء کی ورچوئل ٹریننگ سمیت مختلف سرگرمیوں کا انعقادہوا۔