یو ایچ ایس اور شیراز یونیورسٹی کے درمیان میڈیکل رائٹنگ اور ریسرچ میں تعاون پر اتفاق

منگل 18 مارچ 2025 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) اور ایران کی شیراز یونیورسٹی کے درمیان میڈیکل رائٹنگ اور ریسرچ کے شعبے میں تعاون پر اتفاق ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے دونوں جامعات کے مابین ایک آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف تعلیمی و تحقیقی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں شیراز یونیورسٹی کے شعبہ میڈیکل جرنلزم کے سربراہ پروفیسر بہروز آستانے، ڈین اسکول آف پیرا میڈیکل سائنسز ڈاکٹر ایس شریف زادے، اور ایسوسی ایٹ پروفیسر علی فرہادی نے شرکت کی۔

یو ایچ ایس کی نمائندگی وائس چانسلر پروفیسر احسن وحید راٹھور، پرو وائس چانسلر پروفیسر نادیہ نسیم، ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر سدرہ سلیم، ڈائریکٹر انٹرنیشنل لنکجز ڈاکٹر مدحت، اور ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز پروفیسر آصف نوید نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شیراز یونیورسٹی کا شعبہ میڈیکل جرنلزم پنجاب میں انڈرگریجویٹ نصاب کے حوالے سے تعاون فراہم کرے گا۔

مزید برآں، میڈیکل اور ڈینٹل کالجز سمیت انڈرگریجویٹ پروگرامز کے نصاب میں میڈیکل رائٹنگ اور ریسرچ کو شامل کیا جائے گا تاکہ ہیلتھ سائنسز کے طلبہ کو آغاز سے ہی معیاری سائنٹفک مقالہ جات لکھنے کی تربیت دی جا سکے۔ شیراز یونیورسٹی کے نمائندوں نے آگاہ کیا کہ ان کی یونیورسٹی میں 2009ء سے میڈیکل جرنلزم پر ماسٹرز ڈگری پروگرام جاری ہے۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ یونیورسٹی کا مقصد ملک میں ہونے والی میڈیکل ریسرچ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اس حوالے سے یو ایچ ایس پہلے ہی میڈیکل جرنلزم کے سرٹیفکیٹ کورسز کا آغاز کر چکی ہے، جبکہ اس سال جولائی میں میڈیکل جرنلزم پر ڈپلومہ پروگرام شروع کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے۔ ایرانی ماہرین نے یو ایچ ایس کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے مشترکہ تعلیمی و تحقیقی منصوبوں میں معاونت پر آمادگی ظاہر کی۔ اس موقع پر پروفیسر احسن وحید راٹھور نے ایرانی ماہرین کو لاہور کے دورے کی دعوت بھی دی۔