ڈ پٹی کمشنر سیالکوٹ نے شہر کے پہلے ڈے کیئرسینٹر کا افتتاح کردیا

بدھ 19 مارچ 2025 17:30

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلع سیالکوٹ کے پہلے پبلک سیکٹر سے ڈے کیئرسینٹر کا افتتاح کردیا۔ ایڈمنسٹریٹر آفس کی چھت پر واقع ڈے کیئر سنٹر کے افتتاح کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ورکنگ ویمن کے بچوں کے لیے ڈے کیئر سینٹر نہایت اہمیت کا حامل ہے، اسی مقصد کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک جدید اور معیاری سہولیات سے آراستہ ڈے کیئر سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ سینٹر نہ صرف بچوں کو دیکھ بھال کا محفوظ اور صحت بخش ماحول فراہم کرے گا بلکہ ورکنگ ویمن کو بھی یہ موقع دے گا کہ وہ بچوں کی فکر کئے بغیر اپنے کام پر توجہ مرکوز کر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ ڈے کیئر سینٹرز ورکنگ ویمن کو معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ سینٹرز انہیں یہ موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ اپنے کیریئر پر توجہ دے سکیں جبکہ ان کے بچے محفوظ اور صحت مندماحول میں رہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈے کیئر سنٹر بچوں کی تعلیمی، جسمانی اور جذباتی نشوونما کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، یہاں بچوں کو تعلیمی سرگرمیوں، کھیل کود اور اخلاقی رویوں کو اپنانے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خواتین کو کام کرنے کا موقع ملتا ہے اور ان کے بچے محفوظ ہوتے ہیں تو معاشرے کی مجموعی ترقی میں اضافہ ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سینٹر خواتین کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ خاندانوں کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا جس کا دائرہ کار بوقت ضرورت وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ورکنگ ویمن کے لیے سب سے بڑا چیلنج یہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کہاں چھوڑیں، ڈے کیئر سینٹرز انہیں یہ اطمینان فراہم کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :