بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے،رانا تنویرحسین

منگل 5 اگست 2025 22:41

بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے،رانا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے، کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریاں اور میڈیا پر پابندیاں قابلِ مذمت ہیں،پاکستان کشمیریوں کی سفارتی ،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ یوم استحصال کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کا 5 اگست 2019 کا اقدام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ،کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں دنیا کی آنکھوں کے سامنے ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی شناخت، زمین اور آزادی پر حملہ کیا جبکہ مقبوضہ کشمیر ایک کھلی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریاں اور میڈیا پر پابندیاں قابلِ مذمت ہیں۔ دنیا ظلم کے اس سیاہ باب پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی تڑپ ظلم کی زنجیروں سے نہیں دبائی جا سکتی۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ لڑتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت ملنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کا تقاضا ہے، پاکستان ہر لمحے کشمیریوں کے ساتھ ہے۔