سیاسی اختلافات کے باوجود تمام جماعتوں نے ایک آواز ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، شرجیل انعام میمن

منگل 5 اگست 2025 22:33

سیاسی اختلافات کے باوجود تمام جماعتوں نے ایک آواز ہو کر کشمیری عوام ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود، متحدہ قومی موومنٹ، تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت تمام جماعتوں نے ایک آواز ہو کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔سندھ اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کو روندتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں یومِ استحصالِ کشمیر منایا جا رہا ہے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔انہوں نے کہا کشمیر جیسے متنازعہ خطے میں، جہاں بھارت آج تک انتخابات نہیں کروا سکتا، وہاں پر لوگوں کے حقوق کی پامالی، بدترین، انسان دشمن پالیسی نریندر مودی اور بھارتی حکومت کی ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

(جاری ہے)

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان میں ہر سیاسی لیڈر نے ایک ہی بات کہی ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے، کشمیریوں کو ان کی مرضی کے حساب سے جینے کا حق دیا جائے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بھارتی فوج برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں بیہمانہ طریقے سے معصوم لوگوں کو تشدد کا نشانہ بناتی آرہی ہے، پیلیٹ گنز کا استعمال ہو رہا ہے، ہزاروں نوجوان کشمیری آزادی کے لئے جام شہادت نوش کر چکے ہیں، تمام اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر یہ فرض ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائیں، اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے 15 سال کی عمر میں ہی قائداعظم کو خط لکھ کر کشمیر پر بھارتی جارحیت کی نشان دہی کی تھی، اور بعد ازاں اقوامِ متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر اس مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا واضح مقف تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر وہ کبھی غلطی نہیں کریں گے۔شرجیلانعام میمن نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا، چاہے وہ حکومت میں تھیں یا اپوزیشن میں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کی۔صدر آصف علی زرداری اور وزیر خارجہ کی حیثیت سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے کردار پر بات کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول نے عالمی سطح پر بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے "گجرات کا قصاب، کشمیر کا بھی قصاب ہی" جیسے جرات مندانہ بیانات دیے، جس پر بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کے سر کی قیمت مقرر کر دی۔ اس کے باوجود بلاول بھٹو بھارت گئے اور کشمیر کا مقدمہ وہاں بھی دہرایا۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کشمیری عوام سے غیر متزلزل وابستگی اور کمٹمنٹ کا ثبوت ہے، جو ہر دور میں جاری رہی ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گی۔