اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

بدھ 19 مارچ 2025 17:55

جموں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے جموں خطے کے کئی علاقوں میں چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق” این آئی اے“ کی ٹیموں نے بھارتی فورسز کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے گھروں پر چھاپے مارے ۔

یہ چھاپے بھارتی وزارت داخلہ کی ہدایت پر مارے گئے۔ بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، شوپیاں، کولگام، راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ جموں کی ایک عدالت نے ڈوڈہ سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی معراج ملک کے خلاف لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی طرف سے قائم کیے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن واستحکام کیلئے تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حوالے سے ایک تاریخی قرارداد منظور کر رکھی ہے جس پر بھارت نے بھی دستخط کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اس قراردادو پر عملدر آمد کے بجائے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے او اس نے اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کیوجہ سے خطے کو مستقل طور پر ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی نام نہاد اسمبلی کے ارکان نے ضلع راجوری کے بدھل میں ہونے والی پراسرار اموات کی ”سی بی آئی“ سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

بدھل سے رکن اسمبلی جاوید اقبال چودھری نے پر اسرار اموت کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ علاقے سے جمع کیے گئے نمونوں میں مختلف زہریلے مادے پائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہلاکتیں ایک بڑی سازش کا حصہ ہیں اور اسکے پیچھے چھپے ہاتھوں کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ کشمیری رہنما شمیم شال نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 58ویں اجلاس سے آن لائن خطاب میںمقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی کربناک حالت زار پر روشنی ڈالی۔