ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب کاانعقاد

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے 116طالبات میں سکالر شپ کے چیک تقسیم کیے

بدھ 19 مارچ 2025 19:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی 116 طالبات میں ہونہار سکالر شپ پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النسا حسین ، سپیشل سیکرٹری محکمہ ہائیر ایجوکیشن منیب الرحمن، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب ایچ ای سی منصور احمد بلوچ سمیت طالبات اور اساتذہ نے شرکت کی۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زیب النسا حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ہونہار سکالر شپ پروگرام سے ذہین طالبات کے لیے تعلیم کا حصول ممکن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں طالبات کو رسمی تعلیم کے ساتھ پیشہ وارانہ امور بھی سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ عملی شعبوں کے لیے درکار مہارتیں سیکھ سکیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر زیب النسا حسین نے ہوم اکنامکس یونیورسٹی کے 70 سال مکمل ہونے پر پلاٹینم جوبلی منانے کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی 70سالہ تقریبات کا انعقاد کرنے جا رہی ہے جس کا مقصد یونیورسٹی کی تاریخ اور خواتین کی ترقی کے لیے کردار کو واضح کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائیر ایجوکیشن رانا سکند ر حیات نے کہا کہ طالبات کی 4 سال کی فیس وزیر اعلی پنجاب ادا کریں گی۔ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی 331 مزید طالبات کے لیے وزیر اعلی پنجاب نے سکالر شپ منظور کر لیے ہیں۔

رانا سکند ر حیات نے کہا کہ ہوم اکنامکس یونیورسٹی کی طالبات کے لیے پنجاب حکومت دو الیکٹرک بسیں دی جائیں گی اور اس کے لیے جلد ہی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ماسٹر شیف مقابلوں کا انعقاد ہوم اکنامکس یونیورسٹی میں کیا جائے گا۔ وزیر ہائیر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جارہی ہے اور یہ لیپ ٹاپ ان ذہین طلبا کو دیے جارہے ہیں جن کے ہاتھ میں پاکستان کاروشن مستقبل ہے۔ رانا سکندر حیات نے طالبات میں سکالر شپ چیک تقسیم کیے اور انہیں مبارک باد پیش کی۔