تمام موٹرویز "آٹومیٹڈ"، کمرشل گاڑیوں کی فزیکل فٹنس لازمی قرار ، 3 ماہ میں ڈرائیورز کے لائسنسز کی دوبارہ تصدیق ہوگی، عبدالعلیم خان

بدھ 19 مارچ 2025 23:21

تمام موٹرویز "آٹومیٹڈ"، کمرشل گاڑیوں کی فزیکل فٹنس لازمی قرار ، 3 ماہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملک بھر کی شاہراہوں کو "آٹو میٹڈ" کرنے، مانیٹرنگ اور سرویلنس کو بڑھانے اور روڈ سیفٹی اور ایم ٹیگ سمیت اہم امور کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔بدھ کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور موٹرویز اینڈ ہائی ویز پولیس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ موٹرویز پر آنے والی تمام کمرشل گاڑیوں کی فزیکل فٹنس لازمی قرار دی جائے اور کوئی بس سرٹیفکیٹ کے بغیر مسافروں کو لے کر شاہراہوں پر نہ آئے، اسی طرح کمرشل گاڑیوں پر کسی طور بھی اوورلوڈنگ قابل قبول نہیں ہوگی،موٹروے پولیس بسوں کی سخت چیکنگ کو یقینی بنائے اور جہاں مسافر زیادہ ہوں بس کو وہیں پر" آف لوڈ" کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ آئندہ تین ماہ میں پہلے سے موجود کمرشل ڈرائیورز کے لائسنسوں کی دوبار ہ تصدیق ہو گی اور ان تمام پالیسیوں سے عام آدمی کی آگاہی کے لئے این ایچ اے اور موٹروے پولیس علیحدہ علیحدہ میڈیا کمپین تشکیل دے کر ان کی مناسب تشہیر یقینی بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ آئی جی موٹرویز اینڈ ہائی ویز پولیس خود ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کریں اور انہیں نئے اقدامات کے بارے میں اعتماد میں لیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہوں کو زیادہ سے زیادہ محفوظ بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، جب تک افسران متحرک رہیں گے بہتری سامنے آتی رہے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں کی ساکھ کا خود خیال کرنا ہوگا،این ایچ اے کے حالیہ اقدامات کے باعث نہ صرف ریونیو میں اضافہ ہوا ہے بلکہ موٹرویز پر اوور سپیڈنگ کے واقعات میں بھی کمی ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سیکرٹری مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور انسپکٹر جنرل آف موٹروے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ مربوط نظام کے تحت اپنے اپنے دفاتر میں مانیٹرنگ سیل تشکیل دیں جہاں ہر موٹروے اور شاہراہ کا ایک بٹن کلک کرنے پر ڈیٹا اور ویڈیو سامنے آ سکے۔ اسی طرح آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔

اس اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فنانشل ٹارگٹ سمیت محکمے کو سالانہ اہداف دیے اور انہیں پورا کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں آئی جی موٹرویز نے بریفنگ میں بتایا کہ وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات کے مطابق اب تک اوور سپیڈنگ پر 76ایف آئی آرز کا اندراج ہو چکا ہے جبکہ مجموعی طور پر ایسے واقعات میں کمی کا رحجان دیکھا جا رہا ہے۔چیئرمین این ایچ اے نے موٹرویز کے اطراف حفاظتی باڑ کی چوری میں کمی کی رپورٹ پیش کی۔