نماز کی پابندی انسان کو گناہ اور پریشانی سے بچاتی ہے،بلال سلیم قادری

بدھ 19 مارچ 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)امت مسلمہ کو بخشنے کے لیے اللہ پاک نے بہت سی ایسی راستے اپنے مخلوق کو دکھائے ہیں کہ اگر وہ ان راستوں پر چلتا ہے تو جنتی ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ بلال سلیم قادری شامی نے عبادت اور نماز کے فضائل پرفکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے نماز کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ نماز کی پابندی انسان کو گناہ اور پریشانی سے بچاتی ہے۔نماز تمام فرائض میں ایک اہم فرض ہے۔قرآن مجید و احادیث نبوی ﷺ اس کی اہمیت سے مالامال ہیں۔نماز اسلام کے پانچ ستونوں میں سے ایک اہم ستون ہے۔نماز بدنی عبادتوں میں سب سے افضل عبادت ہے۔مسلم اور کافر کے درمیان فرق پیدا کرنے والی چیز نماز ہے۔

(جاری ہے)

نماز مومن کے لیے باعث فخر ہے۔نماز کے وقت اللہ تعالی نمازی ہی کی طرف متوجہ ہوتا ہے۔اللہ تعالی انسان کو سجدہ کرتے وقت ہی سب سے زیادہ پسند کرتا ہے۔بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ فرض زکو ادا اور رمضان المبارک کے روزے رکھنے والے کا شمار اللہ کے قریب ترین بندوں میں ہوتا ہے۔اللہ تعالی کی حمد و ثنا کرنے والا بندہ اپنے گناہوں سے پاک ہو جاتا ہے۔

جب انسان نماز کے لیے تیار ہوتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور نماز کی جانب جتنے قدم بڑھاتاہے اس کے اتنے گناہ معاف کردے جاتے ہیں اور اتناہی ثواب اس کے حق میں لکھ دیا جاتا ہے۔نماز اور اللہ پاک کی عبادت کرنے والے کی پریشانیاں ختم اور رزق کے دروازے اس پر کھل جاتے ہیں۔نماز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مجید میں سات سو مقامات پر اقامت صلو کا ذکر ہوا ہے۔نماز مصیبتوں سے بچاتی ہے،قحط میں نماز استسقا، مشکل میں نماز حاجت اور بیماری میں نفل نماز اور ذہن اس کو صاف اور غصے کی آگ نماز سے ہی بجھ جاتی ہے۔وضو کرنے والا دماغی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔نمازی آدمی تلی کی بیماریوں اور جنون وغیرہ سے محفوظ رہتا ہے۔