گلبرگ ہاکی کلب اور یوتھ کلب کی کے ایچ اے رمضان انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں کامیابی

بدھ 19 مارچ 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اولمپیئن حنیف خان اینڈ ڈاکٹر جنید علی شاہ اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں جاری کے ایچ اے رمضان المبارک انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ میں مزید دو میچز کے فیصلے ہوگئے۔ چیمپئن شپ کے تیسرے دن کھیلے جانے والے پہلے میچ میں گلبرگ ہاکی کلب نے ڈولفن ہاکی کلب کو بآسانی 8 گول سے شکست دیدی۔

ڈولفن ایچ سی کوئی گول نہ کرسکی۔

(جاری ہے)

فاتح ٹیم کی جانب سے جنید نے کھیل کے 26 ویں اور 30 ویں منٹ میں جبکہ شہباز، دانیال، منہل، ندیم سلطان، ہنزالا، اور مبشر نے بالترتیب کھیل کے نویں، اکتیس، تینتیس، چھتیس، سینتیس اور انتالیس ویں منٹ میں گیند کو گول پوسٹ کی راہ دیکھا کر اپنی ٹیم کی برتری کو مستحکم کیا۔ دوسرے میچ میں یوتھ ہاکی کلب نے سی ہاکس کلب کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیدی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کھیل کے ستائیسویں منٹ میں نعمان جبکہ انتیسویں منٹ میں شاہزیب نے گول کئے۔