ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس، ڈپٹی کمشنر فرحان فاروق اور ڈی پی او اسد سرفراز کی شرکت

بدھ 19 مارچ 2025 20:40

بھاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق، ڈی پی او اسد سرفراز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کواٹر، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، انجمن تاجران کے عہدیداران، امن کمیٹی کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے دیگر تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر اور امن کمیٹی کے ممبران بھی شریک ہوئے۔

اجلاس میں یوم شہادت حضرت علی ؑکے موقع پر جلوس و مجالس مقامات کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بہاول پور پرامن خطہ ہے اور علاقے کے لوگ امن پسند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے ممبران ضلعی امن کمیٹی اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی ؑکے موقع پر جلوس روٹس کی صفائی کے شاندار انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس روٹس میں سیوریج سسٹم کی درستگی اور سٹریٹ لائٹس فنکشنل رکھی جائیں۔ ڈی پی او اسد سرفراز نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی ؑکے جلوس روٹس اور مجالس مقامات پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان المبارک میں مساجد و امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کے لیے پولیس فورس خدمات انجام دے رہی ہے۔ ڈی پی او نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام اور انجمن تاجران کے نمائندگان نے اظہار خیال کیا۔بعدازاں ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امن وامان کے استحکام کے لیے دعا کی گئی۔