کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ نظریے اور عقیدے کا ہے، وجاہت بیگ

جموں کشمیر لبریشن سیل مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے میں شب وروز مصروف عمل ہے

جمعرات 20 مارچ 2025 17:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)سیکریٹری جمو ں وکشمیر لبریشن سیل مرزا وجاہت رشید بیگ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ نظریے اور عقیدے کا ہے۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کی تاریخ کو اجاگر کرنا اور اس تنازعے کے حوالے سے بے بنیاد بھارتی بیانیے کا پردہ چاک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وجاہت رشید بیگ نے ان خیالات کا اظہار کشمیر سینٹر لاہور کے دورے کے دوران آزاد جموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن غلام محی الدین دیوان اور سابق وزیرحکومت ناصرحسین ڈار سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہو ں کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری انوارالحق اور چیف سیکرٹری آزادکشمیر خوشحال خان کی سرپرستی اور رہنمائی میں جموں وکشمیرلبریشن سیل کشمیرکاز کواجاگرکرنے اور مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا کے سامنے لانے میں شب وروز مصروف عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کے لیے پہلی اور آخری منزل پاکستان ہی ہے اور وہ پاکستان کی تکمیل کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں۔ سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل نے ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباء کشمیرکاز کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا بھر پور استعمال کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر انچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن، اے ڈی فرحان قیوم عباسی اور اسسٹنٹ ندیم سرور بھی موجود تھے۔

غلام محی الدین دیوان اور ناصرحسین ڈار نے کہا کہ جموں وکشمیر لبریشن سیل کشمیرکاز کو اجاگرکرنے میں کلیدی کردار ادا کررہاہے۔ انھوں نے کہا کہ لاہور میں مقیم کشمیری کمیونٹی کو کشمیرسنٹرکی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینا چاہیے۔ دریں اثناء کشمیر سینٹر لاہور کے انچارج انعام الحسن نے سیکرٹری جموں وکشمیرلبریشن سیل کوکشمیرسنٹرلاہور کی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔