اوپن یونیورسٹی میں " ای سی ڈی" پر دو روزہ عالمی کانفرنس 29 اپریل سے شروع ہو گی

جمعرات 20 مارچ 2025 17:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں " بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت"پر2روزہ پانچویں عالمی کانفرنس29اور 30اپریل کو منعقد ہوگی۔ یہ کانفرنس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، وزارت منصوبہ بندی و ترقی، یونیسیف، عالمی ادارہ صحت، پاکستان الائنس فار ارلی چائیلڈ ہوڈ اور روپانی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے منعقد کی جارہی ہے۔

اس سال یہ کانفرنس''بہتر کل کی تشکیل کے لیے روشن آغاز کی آبیاری– ابتدائی سالوں میں سرمایہ کاری'' کے تھیم کے تحت منعقد کی جارہی ہے۔یہ کانفرنس ممتاز ماہرینِ تعلیم، محققین، پالیسی سازوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی تاکہ ابتدائی بچپن کی ترقی میں سرمایہ کاری کے طریقوں پر غور کیا جا سکے اور ہر بچے کو بہترین ممکنہ آغاز فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

(جاری ہے)

فیکلٹی آف ایجوکیشن کے مطابق یہ کانفرنس ای سی سی ای کے تصور کو ازسرنو ترتیب دینے پر غور کرے گی، جس میں موجودہ قومی و عالمی رجحانات، چیلنجز اور بہترین عملی طریقوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔مزید تفصیلات، تحقیقی مقالوں کی جمع کرانے کی معلومات، اور رجسٹریشن کے لیے http://icecd.aiou.edu.pk لنک پر کانفرنس کی آفیشل ویب سائٹ ملاحظہ کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹرناصر محمود کے ویژن کے مطابق یونیورسٹی نے پریکٹیکل اور تخلیقی سوچ کے گریجویٹ پیدا کرنے، بچوں کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو بیدار کرنے، سکالرز کو ملکی و غیر ملکی نامور محققین/ ماہرین تعلیم کے تجربات اور مشاہدایت سے سیکھنے اور انہیں تحقیقی کام کی نمائش کرنے کے لئے سیمینارز، ورکشاپس اور کانفرنسز کے انعقاد پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی ہے، یہ کانفرنس بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔