بعض سیاستدان ٹروتھ کمیشن بنوا کر گڑے مردے اکھاڑ نا چاہتے ہیں، محمد اعجاز الحق

جمعرات 20 مارچ 2025 17:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ضیاء الحق) کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ ہمیں حال اور مستقبل پر توجہ دینا ہو گی ، ماضی سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ، پارلیمانی سکیورٹی کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت سے اتفاق رائے ممکن نہ ہوسکا ، گورننس گیپ کو پر کرنا ضروری ہے ۔

وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے ۔ محمد اعجاز الحق کا کہنا تھا کہ نائن الیو ن کے بعد مارشل لاء کی فضا تھی اگر اس وقت جمہوریت ہوتی تو شائد فیصلے کچھ مختلف ہوتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گورننس گیپ کو کم کرنے کے لئے سیاستدانوں کا اہم کر دار ہے، حکومت ،اپوزیشن مل کر اس گورننس گیپ کو کم سے کم کرسکتے ہیں ،تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اس معاملے میں ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

محمد اعجاز الحق نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب پشاور میں اے پی ایس واقعہ ہوا تو تمام تر سیاسی اختلافات کے باوجود اتفاق رائے پیدا ہوا ،اگر اس وقت اتفاق رائے ممکن ہوگیا تھا تو جعفر ایکسپریس حملے کے اندوہناک واقعہ کے بعد ایسا اتفاق رائے کیوں پیدا نہیں ہوا ؟ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کو دیکھیں تو وہاں پر بھی داخلہ اور خارجہ پالیسوں میں سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور کردار ہوتا ہے ،ہمیں پاکستان کے اندر بھی اس روایت پر عمل کرنا ہوگا ۔ ایک سوا ل کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست اور 23 مارچ جیسے ایام منانے کا مقصد قوم میں اتحاد ،اتفاق کے جذبے کو بیدار کرنا ہوتا ہے ۔