لاہور ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ''ایکس''کی بندش کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی

جمعرات 20 مارچ 2025 18:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) لاہور ہائیکورٹ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ''ایکس''کی بندش کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔بینچ میں جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ شامل ہیں۔درخواست گزار صحافی شاکر اعوان نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دلائل دئیے ۔

عدالتی حکم پر چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل( ر) حفیظ الرحمن سمیت دیگر افسران پیش ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے عدالت میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں ایکس کے یوزرز وی پی این استعمال کر رہے ہیں ۔ جسٹس فاروق حیدر نے کہاکہ کیا وی پی این کو بلاک کیا جا سکتا ہے؟۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ اسے فوری طور پر بند نہیں کیا جا سکتا لیکن کچھ عرصے میں بند کر سکتے ہیں۔

جسٹس فاروق حیدر نے استفسار کیا کہ وی پی این کیسے چل رہا ہے ؟ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ وی پی این پر سافٹ وئیر، بینکس سمیت فری لانسنگ میں استعمال ہوتا ہے ۔ چیف جسٹسعالیہ نیلم نے کہاکہ ہمیں بتائیں کہ وی پی این کا ایکس پر کتنا استعمال ہے۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہاکہ میں ایگزیکٹ ڈیٹا اس وقت نہیں بتا سکتا۔ جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہاکہ رولز کے تحت کسی حد تک مواد کو بلاک کیا جا سکتا ہے لیکن پلیٹ فارم کو بند نہیں کیا جا سکتا جبکہ ایکس کا غیر مناسب استعمال روکا جا سکتا ہے مگر اسے بلاک نہیں کیا جا سکتا ۔ لاہور ہائیکورٹ نے مزید کارروائی 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔