ضلع بھر میں 1 لاکھ 13 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 21 مارچ 2025 18:01

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عالمی یوم جنگلات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھرپور شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی صدارت میں گزشتہ روز ایمرسن یونیورسٹی میں شجرکاری کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔

سمینار میں سیاسی رہنماء ڈاکٹر اختر ملک ،شیخ طارق رشید ،وائس چانسلر ڈاکٹر محمد رمضان بھی شریک ہوئے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری اور سی پی او صادق علی ڈوگر نے ایمرسن یونیورسٹی میں پودے لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں 1 لاکھ 13 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایمرسن یونیورسٹی سمیت ضلع بھر میں آج 70 ہزار پودے لگائے گئے ہیں ۔محمد علی بخاری نے کہا کہ بچے اپنے والدین اور اساتذہ کرام کے نام پر درخت لگائیں جبکہ حکومت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے اور آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحولیاتی نظام دینے کیلئے پرعزم ہے۔ محمد علی بخاری نے کہا کہ جنگلات کا وجود ماحول، معیشت اور شہریوں کے لئے لائف لائن ہے اس سلسلے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے شجرکاری ناگزیر ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہیلتھ،ایجوکیشن اور دیگر اداروں کو شجرکاری کے لئے پودے فراہم کئے گئے ہیں۔