حکومت نے چاغی میں 4,948 بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کردیا

ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی نظام رحیم بلوچ

جمعہ 21 مارچ 2025 20:05

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2025ء)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی نظام رحیم بلوچ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اشوک کمارراجپوت، ڈسٹرکٹ مینیجرانٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (IRC) نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کرائیں تاکہ ایک خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔یہ بات انہوں نے چاغی میں محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام اور آئی آر سی PATRIP-EFA پروجیکٹ کے تعاون سے داخلہ مہم کے سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر آغا ظاہر شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران شیر آغا سنجرانی، صدرالدین عینی اور دین جان مینگل، ہیڈ ماسٹر روشن خان بلوچ، فیلڈ افسر بی ایچ سی آئی پی عامر گل، پروگرام افسر ایجوکیشن (IRC) محمد عظیم رند، کمیونٹی انگیجمنٹ افسر (IRC) حبیب اللہ خان، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن افسر (IRC) امان اللہ خان، سپرنٹنڈنٹ ڈی سی آفس رحمت اللہ نوتیزئی اور فوکل پرسن ڈی سی آفس سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی نظام رحیم بلوچ نے کہا کہ حکومت نے اس سال چاغی میں 4,948 بچوں کے داخلے کا ہدف مقرر کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اشوک کمار راجپوت نے محکمہ تعلیم کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ہر بچے، خصوصاً یتیم اور غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی دی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ مینیجر IRC آغا ظاہر شاہ نے کہا کہ ان کا ادارہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے ساتھ مل کر تعلیم کے فروغ اور آگاہی مہم میں اپنا کردار ادا کرے گا تاکہ ہر بچہ معیاری تعلیم حاصل کر سکے۔داخلہ مہم کا مقصد ضلع میں تعلیمی شرح میں اضافہ، کمیونٹی کو فعال طور پر اس مہم میں شامل کرنا، آگاہی سیشنز کا انعقاد اور اسکولوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔تقریب کا اختتام تمام اسٹیک ہولڈرز کے اس عزم کے ساتھ ہوا کہ وہ "علم کی روشنی ہر بچے تک" کے نعرے کو عملی جامہ پہنائیں گے اور ہر بچے کو تعلیمی مواقع فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :