ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ہزاروں فرزندانِ اسلام اعتکاف بیٹھ گئے

جمعہ 21 مارچ 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی رمضان المبارک کے آخری عشرے کی برکتیں سمیٹنے کے لیے ہزاروں فرزندانِ اسلام مساجد اور دیگر مخصوص مقامات پر اعتکاف میں بیٹھ گئے۔شہر کی مختلف مساجد میں عقیدت و احترام کے ساتھ اعتکاف کا آغاز ہو گیا، جہاں معتکفین دنیاوی مصروفیات سے کٹ کر مکمل یکسوئی کے ساتھ عبادات، تلاوتِ قرآن، اذکار اور دعا میں مشغول ہیں۔

بادشاہی مسجد، داتا دربار، جامع مسجد القادسیہ، مسجد الوزیر خان اوردیگر بڑی مساجد میں اعتکاف کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔علمائے کرام کی جانب سے معتکفین کو روزانہ درس و تدریس اور دین کی بنیادی تعلیمات پر خصوصی نشستوں کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح مساجد میں سحر و افطار کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں مخیر حضرات بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں نوجوانوں، بزرگوں اور بچوں سمیت ہر عمر کے افراد روحانی فیوض و برکات حاصل کرنے کے لیے اعتکاف میں بیٹھے ہیں۔ مساجد کی انتظامیہ نے اعتکاف کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے ہیں۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ رمضان کے ان بابرکت لمحات میں زیادہ سے زیادہ عبادات کریں اور ملکی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے دعا کریں۔