’میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان‘ 23 مارچ کی مناسبت سے آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری

ملی نغمے کو معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے، جس کے بول نامور شاعر اور نغمہ نگار عمران رضا نے تحریر کیے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 22 مارچ 2025 12:17

’میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان‘ 23 مارچ کی مناسبت سے آئی ایس ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ 2025ء ) مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم پاکستان 23 مارچ کی مناسبت سے نیا ملی نغمہ جاری کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نغمے کا عنوان ’میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان‘ ہے، جس کے ذریعے ملک سے محبت، استحکام اور ترقی کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے، اس ملی نغمے کو پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے گایا ہے جب کہ اس کے بول نامور شاعر اور نغمہ نگار عمران رضا نے تحریر کیے ہیں، یہ نغمہ قومی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

اس نغمے میں ایک مضبوط پیغام دیا گیا ہے کہ ’ایک دل ایک جان ایک پاکستان‘، اس نغمے کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل، امن، ترقی اور استحکام کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے، نغمہ ناصرف ایک موسیقی تخلیق ہے بلکہ ایک عہد کی تجدید بھی ہے جو پوری قوم کو متحد ہونے اور ملک کے لیے کام کرنے کا درس دیتا ہے، یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری کیے جانے والے اس نغمے کو عوام نے بہت پسند کیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 23 مارچ ایک تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے، اس دن کو یومِ پاکستان کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، یہ دن صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ برصغیر کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، اس روز قراردادِ پاکستان پیش کی گئی تھی، مینارِ پاکستان اُس تاریخی قرارداد کی نشانی ہے جس کی بنیاد پر برصغیر میں مسلمانوں کے لیے الگ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی گئی اور 7 برس کے قلیل عرصے میں برصغیر کے مسلمان اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہے، وہی مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔

اسی دن کی مناسبت سے ہر سال 23 مارچ کو یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج بری، بحری اور فضائیہ کے علاوہ سٹرٹیجک فورسز، عوام کے سامنے اپنی فوجی قوت کا غیر معمولی مظاہرہ کرتی ہیں، تینوں مسلح افواج کا یہ عظیم الشان مظاہرہ دیکھنے والوں میں اعلیٰ سول و فوجی حکام ، سفارت کار، حکومتی شخصیات، سیاسی رہنما اور عوام سب ہی شامل ہوتے ہیں۔