سیالکوٹ، ضلعی انتظامیہ کی تحصیل سمبڑیال میں غیر قانونی ایل پی جی گیس ریفلنگ اور منی پیٹرول پمپس کے خلاف بڑی کارروائیاں جاری

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال انعم بابر نے محکمہ سول ڈیفنس کے ہمراہ سمبڑیال میں غیر قانونی پیٹرول ایجنسیز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے محکمہ سول ڈیفنس کے ہمراہ 11 غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں کو سیل کرکے 10 دکانداروں کے خلاف مقدمات درج کروائے جبکہ دو پیٹرول مشینوں اور ایک غیر قانونی گیس ری فلنگ کرنے والی مشین کو بحق سرکار ضبط کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ غیر قانونی طریقے سے ایل پی جی گیس کی بھرائی ایک خطرناک اور قابل گرفت جرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی اور انتظامیہ کسی سے رعایت نہیں برتے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو افراد ایسے گھناؤنے کاروبار سے وابستہ ہیں، وہ فوری طور پر یہ خطرناک کام چھوڑ دیں، ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ کارروائی شہریوں کی حفاظت اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے اطلاق کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی کاموں میں ملوث افراد کی اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔