ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر "پلانٹ فار پاکستان" مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا

Rana Saqib Saleem رانا ثاقب سلیم ہفتہ 22 مارچ 2025 16:45

بہاولنگر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مارچ 2025) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر "پلانٹ فار پاکستان" مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سرکٹ ہاؤس، ریسکیو آفس اور دیگر اہم مقامات پر منعقد ہوئی، جہاں انہوں نے پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آفتاب حسین، اسسٹنٹ کمشنر نعمان احمد، ڈی او جنگلات اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے طلبہ، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور مختلف سرکاری اداروں کے افسران کے ہمراہ پودے لگائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ترغیب دی۔ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ "پلانٹ فار پاکستان" مہم کے تحت آج ضلع بھر میں ایک لاکھ سے زائد پودے لگائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں، طلبہ اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ گوگل پلے اسٹور سے "پلانٹ فار پاکستان" ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور اپنی شجرکاری کی تصاویر اپلوڈ کرکے اس قومی مہم میں حصہ ڈالیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، کیو آر کوڈ اور جی آئی ایس کے استعمال کے ذریعے پہلی بار شجرکاری کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے، جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنگلات نہ صرف ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے بلکہ زندگی کو بہتر بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں آئندہ نسلوں کو سرسبز و شاداب پاکستان دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سرکاری محکمے، تعلیمی ادارے اور سول سوسائٹی متحرک ہیں تاکہ بہاول نگر کو سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔