رمضان کے پہلے اور دوسرے عشرے میں ضلعی انتظامیہ پشاور کی گرانفروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ پشاور کا گرانفروشی، کم وزن روٹی کی فروخت، ناقص صفائی اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس حوالے سے رمضان المبارک کے پہلے اور دوسرے عشرے کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں 16,733 کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا، جن میں خلاف ورزیوں پر 738 مقدمات درج کیے گئے اور 1237 دکانداروں کو گرفتار کیا گیا اور 2,424 کاروبار مراکز کو سیل کرتے ہوئے 2,984,500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جبکہ 7,613 دکانداروں کو وارننگ جاری کی گئی۔

یہ کارروائیاں اندرون شہر، کارخانو مارکیٹ، تہکال، بڈھ بیر، رنگ روڈ، سربند، حیات آباد، دلہ زاک روڈ، فقیر آباد، گلبہار، کوہاٹ روڈ، چارسدہ روڈ، پشتخرہ، ڈبگری گارڈن، جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، صدر، ہشتنگری، نمک منڈی، رامداس، دیر کالونی، پھندو روڈ، نوتھیہ، لاہوری گیٹ، یکہ توت، متنی، چمکنی، شاہ قبول، پلوسی اور دیگر علاقوں میں کی گئیں۔

(جاری ہے)

دورانِ معائنہ قصاب، نانبائی، سبزی و پھل فروش، کریانہ اسٹورز، ہوٹل مالکان، دودھ فروش اور دیگر کاروباری حضرات کو چیک کیا گیا اور خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کے مطابق ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامے جاری کرتی ہے اور بعد ازاں بازاروں میں اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل کریں، صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائیں، معیاری اشیاء فروخت کریں اور کم وزن روٹی کی فروخت سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔