موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا،صدزرداری

ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی، ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود کے لیے صحت اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے

ہفتہ 22 مارچ 2025 18:14

موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)صدرمملکت آصف علی زر داری نے کہاہے کہ موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا،ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی، ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود کے لیے صحت اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان پرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا،ہم جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں،عالمی برادری اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

یومِ پاکستان 23 مارچ 2025ء کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ میں پوری قوم کو یومِ پاکستان کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان ہمارے بانیان اور تحریکِ پاکستان کے کارکنوں کی عظیم قربانیوں اور انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آیا،آج ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ دور میں پاکستان کو پیچیدہ عالمی حالات، معاشی دباؤ سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے حصول جیسے چیلنجز پر قابو پانا ہوگا۔

علاوہ ازیں، ہم دہشت گردی جیسے عفریت کا مقابلہ کر رہے ہیں اور ہماری بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں،تاہم ہم ان چیلنجز پر قابو پانے اور مزید مضبوط بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ قراردادِ پاکستان کی روح ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ کامیابی کے حصول کیلئے ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کو مشعل راہ بنانا چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ ہمیں قومی سلامتی کو مستحکم کرنے، معیشت کو بحال کرنے، زراعت کو ترقی دینے، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور اپنی نوجوان نسل کے لیے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینا ہوگی، ہر پاکستانی کی فلاح و بہبود کے لیے صحت اور سماجی بہبود میں سرمایہ کاری کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ کوئی بھی پاکستانی پیچھے نہ رہ جائے۔انہوںنے کہاکہ بابائے قوم کے دیے گئے اصولوں کے مطابق خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاکستان پرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ باہمی احترام اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر مضبوط تعلقات استوار کرنے کے لیے پٴْرعزم ہیں۔

انہوںنے کہاکہ ہم اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کیلئے بھی ثابت قدم رہیں گے، ہماری مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، اور ہم ان کی جرات اور لگن کو سلام پیش کرتے ہیں۔صدر زر داری نے کہاکہ آج کے دن، ہم جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں جو اپنے حقِ خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر فوری اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ کشمیری اور فلسطینی عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔انہوںنے کہاکہ ہمارا سفر مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ وہی جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے، پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام میں ہے،ان کی ہمت، محنت اور حب الوطنی نے ہمیشہ اس ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالاہے،میں ہر پاکستانی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے اور ایک خوشحال،ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرے۔

انہوںنے کہاکہ آئیی! اپنے ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ایک مضبوط، متحد اور خوشحال پاکستان کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔