ایبٹ آباد کی یونین کونسل نگری کے رہائشی اعلیٰ اعزاز نے برطانیہ کی بہترین یونیورسٹی میں اعلیٰ اعزاز حاصل کر لیا

ہفتہ 22 مارچ 2025 18:16

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) ایبٹ آباد کے گائوں نگری بالا محلہ نڑی کیری کے رہائشی طالب علم رضوان منور نے برطانیہ یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر سے انٹرنیشنل بزنس ود ایڈوانسڈ ریسرچ میں ماسٹر آف سائنس میں اپنے سیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے 2023-25ءکے پروگرام میں بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کر کے بہترین ذہانت، صلاحیتوں، لگن، اور محنت سے ایک نئی مثال قائم کردی۔

(جاری ہے)

رضوان نے پہلے ہی ماسٹرز ان بزنس ایڈمنسٹریشن ایم ایس ان مارکیٹنگ اور ماسٹرز ان انگلش لٹریچر میں نمایاں کامیابیاں پاکستان سے مکمل کر چکے تھے، یہ ان کی تعلیمی کامیابیاں ان کی محنت، لگن اور علم کیلئے جذبہ کو ظاہر کرتی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ہرٹفورڈ شائر، یونائیٹڈ کنگڈم میں بین الاقوامی طلبہ کے نمائندے اور پاکستانی طلبہ فیڈریشن کے رہنما کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔ رضوان نے اپنی قیادت اور پختہ عزم کے ذریعہ بہت سے لوگوں کو متاثر کیا، ان کی یہ کامیابی نہ صرف ذاتی فتح ہے بلکہ صوبہ اور ملک کے نوجوانوں کیلئے ایک روشن مثال بھی ہے۔