برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا، صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 22 مارچ 2025 20:34

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا جمہوری مطالبہ کرنے کے لیے متحد ہونے کا فیصلہ کیا، جہاں وہ اپنے اسلامی اقدار، روایات، انصاف، مساوات اور آزادی کے اصولوں کے مطابق زندگی گزار سکیں۔ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے اور کشمیری پاکستان کو اپنی مقدس سرزمین سمجھتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم کے باوجود کشمیری نوجوان بھارتی سنگینوں کے سائے میں بھی''پاکستان زندہ باد'' کے نعرے لگا کر اپنی پاکستان سے وابستگی کا اظہار کرتے ہیں۔23 مارچ 1940 کا دن پاکستان اور ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

اس تاریخی روز لاہور میں منعقدہ اجتماع میں کشمیری قیادت نے بھی شرکت کی اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں اپنی سیاسی منزل کا تعین کیا۔

قائد اعظم محمد علی جناح کا دو قومی نظریے کے تحت مسلمانوں کا ایک الگ وطن پاکستان بنانے کا فیصلہ بالکل درست تھا کیونکہ بھارت میں نریندر مودی کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بلکہ خودبھارت کے اندر بھی بسنے والی اقلیتیں بھارتی سرکار کے ظلم و جبر اور فسطائیت کا شکار ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آج کے دن ہم بانیانِ پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اوریقینِ محکم اور نظم و ضبط کے ساتھ محنت کے ذریعے ہم پاکستان کو مزید مضبوط اور خوشحال بنا سکتے ہیں کیونکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جیسے قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کو ایک الگ وطن پاکستان بنا کر دیا تھا ایسے ہی کشمیریوں کو بھی ایک دن بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ تسلط سے آزادی ملے گی اور کشمیری بھی آزادی کی فضاء میں سانس لیں گے۔