قومی شاہرائوں اور موٹر ویز پر عائد ٹول ٹیکس میں رواں برس دوسری بار اضافہ،نوٹی فکیشن جاری، اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا

ہفتہ 22 مارچ 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2025ء)نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے قومی شاہرائوں اور موٹر ویز پر عائد ٹول ٹیکس میں رواں برس دوسری بار اضافہ کردیا۔جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ٹول ٹیکس میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا، شاہراہوں پر موٹرکار سے 70روپے، ویگن سے 150روپے اور بس سے 250روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ 2اور 3ایکسل ٹرک سے 300روپے اور بڑے ٹرکوں سے 550روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ایم 1، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ایم 35 پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کردیا۔ اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم ون موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 500سے بڑھا کر 550روپے کردیا گیا ہے، لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم تھری پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 700روپے سے بڑھا کر 800 روپے کردیا گیا، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم فور پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 950روپے سے بڑھا کر 1050 روپے کر دیا گیا ہے، اسی طرح ملتان سے سکھر جانے والی ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس ایک ہزار 1100 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے مقرر کردیا گیا، ڈی آئی خان تا ہکلہ موٹروے ایم چودہ پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 600روپے بڑھا کر 650 کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حسن ابدال، حویلیاں، مانسہرہ ای 35 ر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 250روپے بڑھا 300روپے ٹول ٹیکس مقرر کیا گیا۔اسی طرح ایم 1، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای35 موٹر وے پر بڑی گاڑیوں کا ٹول ٹیکس 850 سے لے کر5750 روپے تک کردیا گیا۔