چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی زیر صدارت انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

ہفتہ 22 مارچ 2025 22:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں انٹیگریٹڈ ٹورازم زونز پر کام کی پیشرفت اور امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مانسہرہ کے گھنول، سوات کے منکیال اور ایبٹ آباد کے ٹھنڈیانی سیاحتی منصوبوں پر پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

یہ سیاحتی زونز پائیدار سیاحت کے فروغ، مقامی ثقافت کے تحفظ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے تیار کیے جا رہے ہیں۔ سوات میں 30 ایکڑ پر محیط منکیال ایکو ٹورازم مقام میں ویلنیس ریزورٹس، ایتھنو بوٹانک پارک اور ولیج ایکٹیویٹی سینٹر شامل ہوگا جبکہ مانسہرہ کے 60 ایکڑ پر محیط گھنول ٹورازم زون میں فوڈ ویلیج، ثقافتی ہوٹل اور ریزورٹ، مقامی ہنر مندی مرکز، ریٹیل ویلیج اور پریمیم آؤٹ لیٹس تعمیر کیے جائیں گے. اجلاس کو ان سیاحتی زونز کےلیے اراضی کے حصول اور سڑکوں کی تعمیر کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا کہ ایبٹ آباد-ٹھنڈیانی روڈ (24 کلومیٹر) کی تعمیر 34 فیصد، سوات کے منکیال روڈ (22 کلومیٹر) کی تعمیر 27 فیصد، جبکہ گھنول-پاپڑنگ روڈ (9 کلومیٹر) کی تعمیر 45 فیصد مکمل ہو چکی ہے۔ چیف سیکرٹری نے خیبر پختونخوا میں سیاحت کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے ان منصوبوں سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا. انہوں نے کہا کہ پائیدار سیاحت کا فروغ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی کاروبار کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے. اجلاس میں سیکرٹری سیاحت، ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، سیڈ پروگرام کے نمائندے اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ کے افسران نے شرکت کی۔