کوہاٹ پولیس،سی ٹی ڈی کادہشتگردوں کے اہم کمانڈر کلیم اللہ اور ساتھیوں کو بھاگنے پر مجبور کرنے کا دعویٰ

دہشتگرد کھانے پینے کا سامان چھوڑ کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

اتوار 23 مارچ 2025 19:45

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء) کوہاٹ پولیس اور کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کوہاٹ، کرک اور ہنگو کے سنگم پر دُور افتادہ پہاڑی سلسلہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کلین اپ کیا جس کے نتیجے میں پولیس نے دہشت گردوں کے اہم کمانڈر کلیم اللہ اور ان کے ساتھیوں کو بھاگنے پر مجبور کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ کرک کے سرحدی علاقوں شواکئی، تخت کلے اور پلوسی بانڈہ میں آخری حد تک دہشت گردوں کا پیچھا کیا گیا جہاںدہشتگرد کھانے پینے کا سامان چھوڑ کرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

اتوار کے روز کوہاٹ پولیس نے پریس ریلیز جاری کی ہے جس کے مطابق کوہاٹ، کرک اور ہنگو اضلاع کے سنگم پر واقع پہاڑی علاقوں کی آخری حدود تک سی ٹی ڈی کوہاٹ اور مقامی پولیس نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کلین اپ کیا۔

(جاری ہے)

آپریشن کے دوران علاقے میں دہشت گردوں کے اہم کمانڈر کلیم اللہ اور اُس کی تشکیل جو کہ دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داؤدشاہ کے علاقہ عیسک خماری میں بینک ڈکیتی جیسی وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں، کھانے پینے کا سامان چھوڑ کر فرارہو گئے۔

پولیس نے شرپسندوں کی وہاں موجود عارضی کمیں گاہوں کو آگ لگا کر اُن کے ٹھکانوں کو ختم کر دیا ۔بیان کے مطابق سی ٹی ڈی جوانوں نے قبل از وقت دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی جان کاری حاصل کرکے اُنکے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے شرپسند عناصر کے خاتمے کیلئے اپریشن کلین اپ کا آغاز کر دیا ہے اور اعادہ کیا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں امن کی راہ میں رکاوٹ اور پولیس کی رٹ چیلنج کرنے والے دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار کرکے دم لیا جائے گا۔ علاقے میں امن وامان میں خلل اور پولیس کی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :