ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس ،صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا

اتوار 23 مارچ 2025 23:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2025ء) ملک بھر میں یوم پاکستان انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس دن کی خصوصی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جو رمضان المبارک کی وجہ سے محدود پیمانے پر تھی، تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ مگر پر وقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا ۔ یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدرمیں اعلی ترین سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ گورنر ہائوس لاہور میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اعلی ترین سول اعزازات دئیے گئے ۔ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی پروگرام نشر کئے۔