ڈپٹی اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی مہر النساء کی خواجہ اشرف کے گھر آمد،چچا زاد بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس

پیر 24 مارچ 2025 22:45

مظفرآباد/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)سابق ڈپٹی اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی و سیکرٹری جنرل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس مہر النساء کی فخر مسلم کالونی خواجہ اشرف کے گھر خواجہ ہاؤس آمد،خواجہ اشرف سے ان کے چچا زاد بھائی حوالدار خواجہ یاسر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر وائس چیئرمین پبلسٹی ونگ ڈاکٹر عابد عباسی،زاہد زرین عباسی، چوہدری یونس، خواجہ عاطف بھی موجود تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل محترمہ مہرالنساء نے کہا کہ پاکستان کے دفاع میں کشمیری عوام کا لہو بھی شامل ہے۔ ان شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آزادکشمیر بھر کی مختلف سڑکات،سکول ان کے نام سے منسوب کیے جائیں۔ اس وقت ملک پاکستان کے دفاع اور اس کی سلامتی کیلئے متعد کشمیری نوجوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی۔دہشتگردی کے خاتمے اور ملک بھر میں رواداری، مسلم کانفرنس کا عزم ہے۔ قوم کو دہشت گردی سے نبردآزما جوانوں پر فخر ہے۔ شہداء پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی پرعزم حمایت پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔