ڈپٹی کمشنر کیچ کا کوہ مراد زیارت کا دورہ ، زائرین کے لیے سہولیات کا تفصیلی جائزہ

پیر 24 مارچ 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ نے کوہ مراد زیارت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے زائرین کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے، ڈپٹی کمشنر نے زیارت کمیٹی کے عہدیداران سے ملاقات کی اور زائرین کو درپیش مسائل اور ضروریات پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ طبی امداد، پانی، بجلی، صفائی اور سیکورٹی سمیت تمام بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو، انہوں نے زیارت پر قائم طبی مراکز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود ادویات اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر تربت کو ہدایت کی کہ تمام ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ زائرین کو فوری طبی سہولت میسر ہو جبکہ سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر نے لیویز فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ الرٹ رہیں اور زیارت کے دوران زائرین کی حفاظت یقینی بنائیں، زیارت کمیٹی نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے زائرین کی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :