پاکستان مختلف سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھارہا ہے ،خالد حسین مگسی

پیر 24 مارچ 2025 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چینی وفد کے اعزاز میں منعقدہ افطار عشائیہ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور چین کے دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی ہیں اور وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مختلف سائنسی اور تکنیکی شعبوں میں چین کی مہارت سے فائدہ اٹھارہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تحقیق اور صلاحیت سازی کے مواقع مزید بڑھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کے خلائی طب (اسپیس میڈیسن) کے پروگرام کا حصہ بننا پاکستان کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جو ملک میں سائنسی ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ لیبارٹریوں کے قیام سمیت مختلف سائنسی منصوبوں پر تعاون کر رہے ہیں اور اس اشتراک کو مزید وسعت دی جائے گی۔ خالد حسین مگسی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں مشترکہ تحقیق اور استعداد کار میں اضافے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ افطار عشایئے میں چینی وفد کے اراکین، اعلیٰ حکام اور ماہرینِ سائنس نے شرکت کی۔