محکمہ ترقی نسواں کی جانب سے خواتین کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اندراج کے لیے ضلع کیچ میں جاری آگاہی و رجسٹریشن مہم اختتام پذیر

پیر 24 مارچ 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) محکمہ ترقی نسواں کی جانب سے خواتین کے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اندراج کے لیے ضلع کیچ میں جاری آگاہی و رجسٹریشن مہم پیر کے روز کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی یہ مہم مارچ کے آغاز میں محکمہ ترقی نسواں نے محکمہ لوکل گورنمنٹ اور نادرا آفس کے اشتراک سے شروع کی تھی، جو 24 مارچ کو ضلع کیچ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مکمل ہوئی۔

اس کا بنیادی مقصد دور دراز علاقوں میں رہنے والی ان خواتین کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں مدد فراہم کرنا تھا، جو مختلف مسائل اور دشواریوں کے باعث اب تک شناختی کارڈ حاصل نہیں کر سکی تھیں۔اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے سینئر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ زاہد عمر بلوچ، سپرنٹنڈنٹ بے نظیر بھٹو وومن سینٹر محکمہ ترقی نسواں ماجد اسحاق اور چنگیز ہوت (نادرا رجسٹریشن سینٹر تربت) نے ضلع کیچ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور خواتین کی رجسٹریشن کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا مہم کے دوران تقریباً 94 خواتین کے قومی شناختی کارڈ کے لیے رجسٹریشن مکمل کی گئی، جبکہ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے تربت اور ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں بینرز اور پینافلیکس آویزاں کیے گئے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ، محکمہ ترقی نسواں اور نادرا کے اس مشترکہ اقدام کو عوامی سطح پر خوب سراہا گیا، اور اسے خواتین کے حقوق و شناخت کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔