ڈی پی او سیالکوٹ كی تھانہ ایئرپورٹ، تھانہ اگوکی اور تھانہ سمبڑیال میں کھلی کچہری ،مسائل کے حل کے لئے احکامات جاری کیے

منگل 25 مارچ 2025 16:08

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے تھانہ ایئرپورٹ، تھانہ اگوکی اور تھانہ سمبڑیال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا اورمسائل کے فوری حل کےلئے احکامات جاری کیے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا، عوامی مسائل کا بروقت حل نکالنا اور جرائم کی بیخ کنی ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر معاشرتی جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں اس لئے شہری پولیس کے ساتھ مل کر امن و امان کے قیام کے لئے کردار ادا کریں۔انہوں نے کہاکہ منشیات فروشوں کے خلاف قانونی کارروائیاں جاری ہیں اور عادی منشیات فروشوں کے ضامنوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔ علاقے کے عوام اور معززین نے ڈی پی او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کے ذریعے عوامی مسائل کا فوری حل ممکن ہو رہا ہے۔ شہریوں نے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور منشیات و دیگر جرائم کے خلاف جاری کریک ڈائون کو خوش آئند قرار دیا۔