آر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے مریم گرین سٹی ہاؤسنگ سکیم میں غیر قانونی زیر تعیر عمارت کو مسمار کر دیا۔

منگل 25 مارچ 2025 18:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پرآر ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ نے اڈیالہ روڈ راولپنڈی پر مریم گرین سٹی ہاؤسنگ سکیم میں ایک غیر قانونی و غیر مجاز زیر تعمیر عمارت کے خلاف آپریشن کر تے ہوے مسمار کر دیا۔ مسمار کی گئی جائیداد کے مالک نعمان نے پلاٹ سے ملحقہ گلی کی جگہ پر قبضہ کر رکھا تھا اور منظور شدہ بلڈنگ پلان کی خلاف ورزی کی تھی۔

مالک نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2020 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر منظوری اوراین او سی کے غیر قانونی عمارت زیر تعمیرتھی۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق اس سے قبل غیر قانونی جائیداد کے مالک کو نوٹس جاری کیا گیا تھا، لیکن وہ قانونی تقاضے پورے کرنے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں غیر قانونی زیر تعمیر بلڈنگ گرا دی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے ایل یو اینڈ بی سی ونگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ تجاوزات اور غیر قانونی تجارتی سرگرمیوں کے خلاف بلا خوف و خطر سخت کارروائی جاری رکھیں۔ ڈی جی آر ڈی اے نے بلڈنگ کنٹرول ونگ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ غیر قانونی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تکمیلی نقشہ جات، عمارتوں کے منصوبوں کی منظوری کے لیے فیس اور چارجز کے حوالے سے سروے کریں اور کنٹرولڈ ایریا میں تمام غیر قانونی رہائشی کمرشل عمارتوں کو ریگولرائز کریں۔

انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے شہر کی ترقی اور ضابطے کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم عوام الناس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور کسی بھی تجاوزات کو ہٹانے کے لیے فعال طور پر تعاون کریں تاکہ مستقبل میں کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول محمد داؤد، بلڈنگ سرویئر عامر محمود ملک اور دیگر سٹاف نے پولیس تھانہ صدر بیرونی کے تعاون سے آپریشن کیا۔

متعلقہ عنوان :