قومی اسمبلی کی کامرس کمیٹی نے ٹریڈ آرگنائزیشن کی مدت تین سال کرنے کی سفارش کردی

منگل 25 مارچ 2025 21:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2025ء) قومی اسمبلی کی کامرس کمیٹی نے ٹریڈ آرگنائزیشن کی مدت تین سال کرنے کی سفارش کردی کمیٹی نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کی موجودہ باڈی کی مدت میں بھی ایک سال کی توسیع کرنے کی سفارش کی۔

(جاری ہے)

منگل کو چیئرمین رکن اسمبلی محمد جاوید حنیف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سیکرٹری تجارت سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں مشیر ایف پی سی سی آئی کی کمیٹی کو ٹریڈ آرگنائزیشن کی مدت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ میں جنوری میں تبدیلی کرکے ٹریڈ آرگنائزیشن کی مدت دو سال سے کم کرکے ایک سال کردی گئی اس موقع پر سیکرٹری تجارت نے کمیٹی کو بتایا کہ سیکشن 11 اے میں ترمیم کی گئی تھی اور الیکشن کا فی الفور کروائے جائیں انہوں نے کہاکہ ترمیم کرکے فی الحال اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے انہوں نے کہاکہ ایک سال تک اس شق کو موخر کیا جاسکتا ہے تاکہ مدت دو سال ہو ارکن کمیٹی مرزا اختیار بیگ نے کہاکہ یہ بڑا حساس معاملہ ہے اس سے پورے ملک کے چیمبرز متاثر ہورہے ہیں رکن کمیٹی شکیلہ لقمان نے کہاکہ ٹریڈ آرگنائزیشن کی مدت ایف پی سی سی کے انتخابات پر اثرانداز ہوگی جس پر حکام نے بتایاکہ ٹریڈ آرگنائزیشن پہلے سے موجود ہیں اس سے ایف پی سی سی آئی الیکشنز متاثر نہیں ہونگے چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی کی تجویز ہے کہ موجودہ باڈی کی مدت تین سال کی جائے تاہم سیکرٹری تجارت نے ایف پی سی سی آئی نے مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمنٹ اس میں ترمیم کرسکتی ہے کمیٹی نے متفقہ طور پر ایف پی سی سی آئی کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز کی موجودہ باڈی کو مزید ایک سال توسیع دینے کی سفارش کی۔

۔۔۔۔اعجاز خان