پشاور،نجی بینک کی کیش وین لوٹنے والے ملزمان گرفتار، 3 کروڑ روپے بھی برآمد

منگل 25 مارچ 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء)پشاور میں گزشتہ روز نجی بینک کی کیش وین لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گزشتہ روز پشاور میں نجی بینک کی کیش وین کے ساتھ ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی جس پر کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث ڈرائیور سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

مسعود بنگش کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ 3کروڑ کی رقم بھی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کیش وین میں ڈکیتی ڈرائیور کی ملی بھگت سے ہوئی، وین کا ڈرائیور 6 ماہ سے کام کر رہا تھا، وین کے ڈرائیور کو پہلے بھی دو تین جگہوں سے نکالا گیا تھا اور کیش وین سے رقوم مختلف اضلاع کو بھیجی جانی تھی۔