Live Updates

طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے،چیف سیکرٹری بلوچستان

منگل 25 مارچ 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبے میں بنیادی مراکز صحت کی فعالی اور ادویات کی فراہمی کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مراکز صحت میں سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے، بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ضلعی مراکز صحت پر ڈاکٹرز اور سٹاف کی کمی کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے جس سے عام شہری کو فائدہ ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے علاج کے غرض سے آنے والے مریضوں پر ڈاکٹر اور دیگر طبی عملہ خصوصی توجہ دے اور یہ ان کی اہم ذمہ داری بھی بنتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کو ضروری اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، اور طبی عملہ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری نے صوبے میں 164 بی ایچ یوز کی فوری طور پر فعالی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی مراکز صحت کے لیے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کی تقرری، ادویات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور آنے والے مالی سال کے بجٹ سے پہلے تمام لوازمات مکمل کی جائیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات