رمضان المبارک کی سب سے زیادہ فضیلت والی رات شب قدر ہے جسے قرآن حکیم نے ہزار مہینوں سے بہتر کہا ہے، صاحبزادہ حافظ فاران سہیل

لیل القدر میں جو کوئی ایمان کیساتھ اور ثواب کی امید سے عبادت کیلئے کھڑا ہو تواس کے اگلے پچھلے سارے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں،سینئر رہنما پاکستان سنی تحریک

بدھ 26 مارچ 2025 10:50

ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)پاکستان سنی تحریک کے سینئر رہنما صاحبزادہ حافظ فاران سہیل نے کہا ہے کہ رمضان نزول قرآن کا مہینہ ہے،حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا لیل القدر کو رمضان کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں تلاش کیا کرو۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی سب سے زیادہ فضیلت والی رات شب قدر ہے،جسے قرآن حکیم نے ہزار مہینوں سے بہتر کہا ہے،لیل القدر میں جو کوئی ایمان کے ساتھ اور ثواب کی امید سے عبادت کیلئے کھڑا ہو تواس کے اگلے پچھلے سارے گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیگفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ لیل القدر بڑی قدر ومنزلت اور عظمت وشرف رکھنے والی رات ہے جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا گویا سارے ہی خیر سے محروم رہ گیا، اور اس کی بھلائی سے محروم نہیں رہتا مگر وہ شخص جو حقیقی محروم ہی ہے۔

(جاری ہے)

حضورصلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری عشرہ میں عبادت وطاعت ، شب بیداری اور ذکر و فکر میں اور زیادہ منہمک ہوجاتے تھے انہوں نے کہا کہ ان مبارک اوقات کو اللہ کی بندگی تلاوت اور ذکر میں لگائے رحمت ربانی کا دروازہ کھلا ہوا ہے اس رحمتوں سے اپنا حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اخوت،محبت،ہمدردی،رواداری،بھائی چارے،قومی یکجہتی،وحدت اور خدمت انسانیت کا درس دیتا ہے،آج ہم مخلوق خدا اور دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اللہ تعالی کی رضا کو حاصل کر سکتے ہیں،مخیر حضرات اپنی زکو،خیرات،صدقات،عطیات،فطرانہ کے ذریعے غربا و مساکین کی دل کھول کر امداد کریں۔

انہوں نے کہا کہ صدقہ فطر ہر مسلمان پر واجب ہے،غربا و مساکین،فقرا اور مستحق کو ادائیگی سے کوتاہیوں کا ازالہ ہو جاتا ہے،ہمیں چاہیے کہ مخلوق خدا کی خدمت کریں۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،وطن دشمن طاقتیں پاکستان میں انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں،ہم ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے،افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں نے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں جسے پوری قوم خراج تحسین اور سلام پیش کرتی ہے۔

متعلقہ عنوان :