بھارتی فورسز کی طرف سے حریت قیادت اورکارکنوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری

بدھ 26 مارچ 2025 15:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے آج بھی حریت قیادت اورکارکنوں کے خلاف ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمیں مسرت عالم بٹ ،سینئر حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ اورپروفیسر عبدالغنی بٹ کے گھروں پر چھاپے مارے اورتلاشیاں لیں۔

بھارتی فورسز نے ضلع گاندربل کے علاقوں شوہاما، دودرہامہ، سالورہ، تلمولہ اور لار جبکہ ضلع کولگام کے علاقوں سوپت، دیوسر اورزنگلپورہ میں جماعت اسلامی، تحریک حریت جموں و کشمیر، مسلم لیگ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز فریڈم لیگ سے وابستہ رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔

(جاری ہے)

چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز نے مکینوں کو ہراساں کیا اور گھروں اور بینکوں کی دستاویزات، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا ء اپنے قبضے میں لیں۔

بھارتی فورسز نے سرینگر کے علاقوں میں راج باغ، حبہ کدل، بٹہ مالو، خانیار، لال بازار اور چھانہ پورہ جبکہ سوپور کے مختلف علاقوں میں بھی حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپے مارے اورمکینوں کو ہراساں کیا۔نئی دہلی کے مسلط کردہ غیر کشمیری لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کی سربراہی میں قابض حکام اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پرحریت پسند کشمیریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بھارتی فورسز نے لوٹ مار کے علاوہ مکینوں کو دھمکیاں دی کہ وہ حریت کارکنوں کو بھارتی تسلط کے خلاف آواز اٹھانے سے روکیں ورنہ سنگین نتائج کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں۔