افریقی یونین کی بین الاقوامی برادری سے صومالیہ میں امن کوششوں کے لیے مالی امداد کی اپیل

بدھ 26 مارچ 2025 16:10

موغادیشو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) افریقی یونین کمیشن نے بین الاقوامی برادری سے صومالیہ میں استحکام کی کوششوں فنڈ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شنہوا کے مطابق افریقی یونین (اے یو )مشن نے گزشتہ روز صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں جاری بیان میں کہاکہ افریقی یونین کمیشن کے نومنتخب چیئرپرسن محمود علی یوسف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد صومالیہ کا پہلا دورہ کیا اور صومالیہ میں افریقی یونین کے سپورٹ اور سٹیبلائزیشن مشن کے لیے فنڈز کی کمی پر روشنی ڈالی اور ملک کے امن اور استحکام کی کوششوں کے لیے نئے عزم کی ضرورت پر زور دیا۔

محمود علی یوسف نے کہا کہ انہوں نے صومالیہ کے حوالے سے ایتھوپیا میں اے یو ہیڈکوارٹر میں اپنے کچھ شراکت داروں سے بات کرنا شروع کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

صومالیہ بین الاقوامی برادری کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ انہوں نے صومالیہ کے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بات کرنے کا عہد کیا اور عسکریت پسند گروپ الشباب کے ساتھ جنگ ​​میں صومالیہ کی مسلسل حمایت کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کہا کہ صومالیہ میں اے یو امن مشن عبوری دور میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے لیکن ہمیں عزم کی ضرورت ہے، ہمیں بات چیت چیت کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں بین الاقوامی برادری کی حمایت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت صومالیہ کو اکیلے چھوڑنے کا نہیں ہے ۔

صومالیہ کے استحکام اور سلامتی سے نہ صرف عوام بلکہ پوری عالمی برادری کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔ چیئرپرسن نے خلیج عدن، گارڈافوئی چینل اور صومالی سمندر میں بحری قزاقی کو روکنے میں بین الاقوامی تعاون کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر صومالیہ کے صدر نے کہا کہ اے یو کمیشن کی نئی قیادت کے ساتھ تعاون کے ذریعے اے یو امن مشن کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پر امید ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یقیناً بین الاقوامی برادری کے تعاون سے افریقہ اپنے مسائل خود حل کر سکتا ہے۔ صومالیہ کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے قائم مقام خصوصی نمائندہ جیمز سوان نے افریقی یونین کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے عالمی ادارے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صومالیہ میں اے یو امن مشن ناگزیر ہے۔