سیکرٹری داخلہ پنجاب سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے وفد کی ملاقات،عوامی فلاح سے متعلقہ اصلاحات بارے آگاہ کیا

بدھ 26 مارچ 2025 16:44

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) سیکرٹری داخلہ پنجاب سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈکے وفد نے سول سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ اقوام متحدہ کے وفد میں یو پی ایف پی اے صوبائی کوآرڈینیٹر تانیہ درانی اور ملیحہ ضیا شامل تھیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے وفد کو عوامی فلاح سے متعلقہ حکومت پنجاب کی اصلاحات بارے آگاہ کیا۔ اقوام متحدہ کے وفد سے خواتین اور بچوں کے تحفظ اور جنسی تشدد کے خاتمے بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے گفتگو کے دوران بتایا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کا تحفظ وزیراعلی پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنسی تشدد کے خاتمے کےلئے محکمہ داخلہ میں خصوصی سیل قائم کر رہے ہیں۔ خصوصی سیل جنسی تشدد کے کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے میں معاون ہوگا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کےلئے تمام ادارے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو محفوظ بنانے کےلئے محکمہ داخلہ کے پلیٹ فارم سے گڈ ٹچ بیڈ ٹچ آگاہی مہم چلا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے وفد کو پنجاب فورینزک سائنس اتھارٹی کے اپ گریڈیشن پلان بارے بھی آگاہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے وفد نے جنسی تشدد کے خاتمے کےلئے پالیسی سازی اور سٹیک ہولڈرز کی تربیت میں تعاون کی پیشکش کی۔ یو این ایف پی اے محکمہ داخلہ کے ماتحت اداروں میں افسران کو تربیت دےگا۔

ملاقات میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل عمران رانجھا، ایڈیشنل سیکرٹری پولیس ڈاکٹر محمد ذیشان، ڈپٹی سیکرٹری جوڈیشل ماہم آصف، ڈپٹی سیکرٹری پولیس عدنان زاہد اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز توصیف صبیح گوندل بھی موجود تھے۔ ملاقات کے اختتام پر وفد نے سیکرٹری داخلہ کو پنجاب جنسی تشدد رسپانس فریم ورک (PSVRF) ڈرافٹ پیش کیا۔