راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں جعفر ایکسپریس حادثے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے واک کا انعقاد

بدھ 26 مارچ 2025 20:28

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2025ء) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں جعفر ایکسپریس حادثے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک خصوصی یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔بدھ کو منعقدہ واک میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال، فیکلٹی ممبران، طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امن اور اتحاد کے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر انیلا کمال نے واک کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معصوم جانوں کا ضیاع ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ میری دلی ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، ہمیں متحد ہو کر امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنی ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے کسی بھی صوبے میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پاکستانی ایک پرامن قوم ہیں اور ہم اپنی سرزمین پر دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔واک میں شریک سینئر فیکلٹی ممبران نے کہا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو امن، بھائی چارے اور برداشت کی تعلیم دینی ہوگی تاکہ دہشت گردی کی جڑیں ہمیشہ کے لیے ختم کی جا سکیں۔