ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکا تعلیمی اور تحقیقی تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کرنے پر اتفاق

جمعرات 27 مارچ 2025 14:04

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تعلیمی اور تحقیقی تعلقات کو مزید بلندیوں سے ہمکنار کریں گی تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہوتے ہوئے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔ اس امر پر اتفاق یونیورسٹی میں قائم چائینز کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے 11ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر جیانگ پنگان (آن لائن) نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔پروفیسر ڈاکٹر جیان پنگان نے زرعی یونیورسٹی کے ماہرین کی ٹیم کو ژنگ جیانگ زرعی یونیورسٹی چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس سے تعلقات میں مزید وسعت آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیارہ سال پہلے ہم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کو قائم کرنے کیلئے معاہدہ طے کیا تھا اور گزشتہ گیارہ سالوں میں انسٹی ٹیوٹ نے چینی ثقافت کے فروغ، زبان کی تعلیم، علمی تعاون اور اساتذہ اور طلباکے تبادلے میں نتیجہ خیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر ذوالفقار علی کو وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے چینی زبان، ثقافت کے فروغ کے ذریعے باہمی افہام و تفہیم اور احترام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ نے ایک دہائی میں چینی زبان کے کورسز کے 22000 طلبا تیار کیے ہیں جن میں سے 600 اسکالرشپ پروگرام کے تحت چینی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم ہیں۔

ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ 2024 میں انسٹی ٹیوٹ نے اپنے امتحانی مراکز میں 11ایچ ایس کے،ایچ ایس کے کے امتحانات کا انتظام کیا جن میں 1882 امیدواروں نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے گزشتہ سال چینی زبان کے بین الاقوامی اسکالرشپ کے لیے 104 امیدواروں کو سکالرشپ حاصل کرنے میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے سب کیمپسز میں وسعت لائی گئی ہے اور اب یونیورسٹی آف فیصل آباد، چولستان یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز (بہاولپور) اور غازی یونیورسٹی (ڈیرہ غازی خان) میں بھی ذیلی مراکز قائم کئے جائیں گے۔

رجسٹرار عمر سعید قادری، ڈائریکٹر ریسرچ ڈاکٹر عمران ارشد، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عرفان عباس اور نائب خزانچی فیصل شہزاد نے یونیورسٹی کی طرف سے شرکت کی جبکہ اس موقع پر چینی یونیورسٹی کے عہدیداران بھی شامل تھے۔