بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموںوکشمیر میں حریت رہنمائوں ، کارکنوں کیخلاف کریک ڈائون جاری

جمعرات 27 مارچ 2025 14:16

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف جمعرات کو مسلسل پانچویں روز بھی کریک ڈائو ن جاری رہا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورسز اہلکاروں نے سری نگر، بارہ مولہ، گاندربل، شوپیاں، پلوامہ، بانڈی پورہ ، کپواڑہ اور کولگا م کے متعدد علاقوں میں جماعت اسلامی، تحریک حریت جموں و کشمیر، مسلم لیگ، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی اور پیپلز فریڈم لیگ سے وابستہ حریت رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔

چھاپوں کے دوران بھارتی فورسز اہلکار اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے علاوہ جائیداد اور بینک دستاویزات کے علاوہ موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا ءقبضے میں لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

چھاپوں کے دوران خواتین اور بچوںسمیت مکینوں کو سخت ہراساں کیاجا رہا ہے اور انہیں آزادی پسند سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ان ظالمانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرکے کشمیریوں کے مطالبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈوں سے آزادی کے لئے کشمیری عوام کے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔