پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں شجر کاری مہم زور و شور سے جاری

جمعرات 27 مارچ 2025 15:38

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2025ء) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے شہر بھر میں شجر کاری مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیٹلائٹ ٹاؤن اقصیٰ پارک میں شجر کاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب اور پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان نے تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اور پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب موسمیاتی تبدیلیوں کے تدارک اور بچائو کیلئے خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ شجر کاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کو صحت مند بنانے کے لئے درخت لگانے کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے شہر کو آلودگی سے پاک اور موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے شجر کاری کی اہمیت کو سمجھنا ہو گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پی ایچ اے کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور سر سبز راولپنڈی کے مشن کو آگے بڑھائیں۔ بعد ازاں شہریوں میں مفت پودے تقسیم کئے گئے۔