آئی ایم ایف کی2ارب ڈالر سے معیشت کو وقتی استحکام ملے گا‘ پاکستان ٹیکس ایڈوائزرز

آئندہ مالی سال کابجٹ آئی ایم ایف کی رضا مندی کے بغیر پیش نہیں ہوسکے گا‘صدرعبد الغفار،جنرل سیکرٹری خواجہ ریاض

جمعرات 27 مارچ 2025 15:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2025ء)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مزید2ارب ڈالر ملنے کی جانب مثبت پیشرفت خوش آئند ہے جس سے وقتی طور پر معیشت کو استحکام ملے گا ،یہ طے ہے کہ آئندہ مالی سال کابجٹ آئی ایم ایف کی رضا مندی کے بغیر پیش نہیں ہوسکے گااس لئے خدشات بڑھیں گے۔ پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالغفار اورجنرل سیکرٹری خواجہ ریاض حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف سے 2ارب ڈالر ملنے سے پاکستان کو دوسرے مالیاتی اداروں سے بھی قرض ملنے میں آسانی ہوگی ۔

(جاری ہے)

ضرورت اس امر کی ہے کہ ان قرضوں کو اللوں تللوں میں اڑانے کی بجائے اسے ایف بی آر میںاصلاحات اور معیشت کی ترقی کے لئے استعمال کیا جائے تاکہ آنے والے سالوں میں ہم یہ قرض اتارنے کے قابل ہو سکیں ۔ انہوںنے کہاکہ ایف بی آر کو ہر طرح کے اختیارات دینے کے باوجود 620ارب کے ریونیو شارٹ فال کی بنیادی وجوہات تلاش کی جائیں ۔ یہ واضح ہے کہ مہم جوئی سے ٹیکس دہندگان میں خوف و ہراس بڑھا ہے اور ہر طبقہ ایف بی آر کی کارروائیوں پرتشویش میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کو اپنی پالیسیوں اور حکمت عملی میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں بغیر خوف و ہراس کے کاروبار ہو سکے ۔